پاسبان کے صدر الطاف شکور کا ریلوے سانحے میں پاک فوج کے جانی نقصان پر اظہار افسوس

جمعہ 3 جولائی 2015 16:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور اور جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے گجرانوالہ میں ٹرین حادثہ میں پاک فوج کے جوانوں اور اُن کے اہل خانہ کے جانی نقصان کے سانحہ پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ مرحومین کے لئے دعائے مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ الطاف شکور اور عثمان معظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ زندہ قومیں حادثات اور واقعات سے سبق سیکھتی ہیں ۔

اس واقعہ کی تحقیقات میں تخریب کاری ، اتفاقی حادثہ یا محکمہ ریلوے کے اہلکاروں کی غفلت یا بوسیدہ تنصیبات کے ساتھ ساتھ یہ امر بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ قوم کو موٹرویز ، میٹرو اور لیپ ٹاپ سے پہلے پاکستان ریلوے کی جدید خطوط پر بحالی درکار ہے ۔

(جاری ہے)

ریلوے پاکستانی قوم کا سب سے بڑا اور قیمتی ترین اثاثہ ہے اور یہ سفر اور سامان کی ترسیل کا سب سے سستہ ترین ذریعہ ہے لیکن ہمارے ارباب اختیار نے اس کے فروغ کی جانب کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی کبھی یہ سوچا کہ عوام کو سستے ترین ذریعہ سے سفر کی سہولتوں کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔

ریلوے کی نصف سے زیادہ زمین پر قبضہ ہوچکا ہے درجنوں ٹرینیں بند کردی گئی ہیں ۔ ریلوے ٹریک اور اسٹیشن ویران پڑے ہیں ۔اسمبلی میں بیٹھے ہوئے ارکان اسمبلی اور اقتدار کے ایوان میں موجود وزراء کی اکثریت ”ٹرانسپورٹ مافیا “کے مفادات کی محافظ ہے ۔ وہ ریلوے کی بحالی اور قوم کی خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔ پاسبان رہنماؤں نے قومی ، سیاسی ، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے قائدین سے بھی اپیل کی کہ وہ محض تعزیتی بیانات جاری کرکے خانہ پری نہ کریں بلکہ ریلوے کی بحالی کیلئے اپنا ٹھوس کردار ادا کریں ۔