جڑواں شہروں میں سویوں اور پھینیوں کی خریدوفروخت میں اضافہ ہوگیا

جمعہ 3 جولائی 2015 19:00

اسلام آباد ۔3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں سحری کے اوقات میں سویوں کے استعمال کے رجحان کے باعث سویوں اور پھینیوں کی خریدوفروخت میں اضافہ ہوگیا۔ سحری کے اوقات میں ہلکی پھلکی ڈش کے طور پر میٹھے میں دودھ والی سویاں اور پھینیاں کھانا عام ہے اور ماہ رمضان المبارک کے دوران اور عیدالفطر کے موقع پر پھینیوں اور سویوں کا کاروبار عروج پر رہتا ہے اور پھینیوں کے کاریگر دن رات دکانداروں اور خریداروں کی مانگ پوری کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

دکانداروں نے پھینیوں اور سویوں کے کارنر دکانوں میں قائم کئے گئے ہیں او ان کا دعویٰ ہے کہ رمضان کے آغاز سے ہی پھینیوں اور سویوں کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ ایک سویاں فروخت کرنے والے کارکن شاہد علی نے کہا کہ سویوں اور پھینیوں کے بغیرعید پھیکی رہتی ہے اور سحری میں بھی بطور میٹھا اس پکوان کو شامل کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ماہ رمضان کا پورا مہینہ ہمارا مصروف ترین مہینہ ہوتا ہے اورکاریگر دن رات کام کررہے ہیں۔ مشینی سویوں کی خریدوفروخت کے باوجود لوگوں کی اکثریت ہاتھ سے بٹی سویوں کو ترجیح دیتے ہیں جو خوش ذائقہ ہوتی ہیں۔