ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 19:08

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت یوٹیلٹی سٹورزکے ذریعے رمضان المبارک میں صارفین کو سستی چینی فراہم کر رہی ہے،ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے جو اگلے سال کی ابتدا ء تک ملکی ضروریا ت کیلئے کافی ہے، چینی کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سے نزدیکی رابطے میں ہیں، چینی کی مارکیٹ میں ترسیل میں تیزی آنے سے قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں چینی کی قیمتوں کے استحکام کیلئے ای سی سی کی ہدایت پر بلائی گئی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں وزارت تجارت، وزارت صنعت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران چینی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کیلئے قطعاًقابل قبول نہیں، صارفین کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے تحت روز مرہ استعما ل کی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے۔

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشنز کے نمائندے نے بتا یا کہ ملک میں چینی کا 3.8ملین ٹن کا اسٹاک موجود ہے اور ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے۔ملک کے طول و عر ض میں چینی کی ترسیل میں بہتری لانے کیلئے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشنز سے مذاکرات اگلے ہفتے کی ابتداء میں منعقد کئے جائیں گے۔