شہریوں کا ٹیکسلا۔اسلام آباد اور روات۔اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ شروع کرنے کا مطالبہ

جمعہ 3 جولائی 2015 19:11

اسلام آباد ۔3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس منصوبہ پر کامیاب عملدرآمد کے بعد شہریوں نے ٹیکسلا۔اسلام آباد اور روات۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بڑی تعداد میں مسافر روزانہ ٹیکسل، واہ کینٹ، روات اور قرب و جوار کے علاقوں اور دیگر ہاؤسنگ کالونیوں سے روزگار کے سلسلہ میں اسلام آباد آتے ہیں اور انہیں ٹرانسپورٹ کے مسائل کا سامنا ہے۔

”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء“ سے بات چیت کرتے ہوئے لوگوں بالخصوص طبلاء، سرکاری ملازمین، فیکٹری ورکرز اور مریضوں نے مطالبہ کیا کہ اس روٹ پر ٹرانسپورٹ کی بہتر سروس کی فراہمی کیلئے میٹرو بس سروس پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے کیونکہ ویگنوں میں سفر کرنا ان کیلئے انتائی دشوار ہے، نہ صرف زائد کرایہ وصول کرتے ہیں بلکہ ویگن کنڈیکٹر کا رویہ بھی ٹھیک نہیں ہوتا اور مسافروں کو راستے میں اتار دیتے ہیں جبکہ اس کے مقابلہ میں میٹرو بس سروس کا معیار انتہائی بہتر ہے جس کا عملہ انتہائی شائستگی سے پیش آتا ہے اور ٹکٹ کے حصول سمیت بہترین بس سٹیشن اور معیاری سفر کی سہولت دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

خواتین نے بھی روات اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس کے منصوبہ کے آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک خاتون نسرین نے کہاکہ روات اور آبپارہ کے درمیان میٹرو بس سروس کا فوری آغاز کیا جائے جس سے نہ صرف ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور تعلیم و روزگار کے سلسلہ میں سفر کرنے والی خواتین کو بھی سہولت حاصل ہوگی جبکہ لوگوں کی کثیرتعداد نے ٹیکسلا، واہ کینٹ اور پشاور موڑ روٹ کیلئے بھی میٹرو بس سروس کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :