مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس

اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے سرکاری محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا خواجہ سلمان رفیق نے گوجرانوالہ ٹرین حادثہ کے شہدا کے لئے دعائے مغفرت کرائی

جمعہ 3 جولائی 2015 20:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) تمام سرکاری محکمے ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات جاری رکھیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران ڈینگی سرویلنس کے لئے ہنگامی پروگرام ترتیب دیں ، عید کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد فاتحہ خوانی کے لئے قبرستانوں میں جاتی ہے لہذا قبرستانوں میں خصوصی صفائی کرائی جائے تا کہ لوگ ڈینگی کے کاٹنے سے محفوظ رہ سکیں۔

ان خیالا ت کا اظہار مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا، پیر اشرف ایم پی اے کے علاوہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے سینئر افسران ، پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس، طبی ماہرین اور اینٹامالوجسٹ نے شرکت کی- اجلاس کے آغاز پر خواجہ سلمان رفیق نے گوجرانوالہ ٹرین حادثہ میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کرائی- اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں اب تک ڈینگی کے 646 کنفرم کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 3 اموات بھی ہو چکی ہیں- خواجہ سلمان رفیق نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ کراچی کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں مزید موثر انداز میں جاری رکھی جائیں تا کہ عید کے موقع پر لوگوں کی بڑے پیمانے پر بین الاصوبائی نقل و حمل سے پنجاب میں ڈینگی کی وبا ء نہ پھیلنے پائے - اجلاس میں کمشنر فیصل آباد، ڈی سی او ملتان، کمشنر گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے اپنے اضلاع میں انسداد ڈینگی کے اقدامات اور ان پر عملدرآمد کے بارے اجلاس کو آگاہ کیا- ای ڈی او لاہور اور شیخوپورہ نے ڈینگی کنٹرول بارے رپورٹ پیش کی - اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور اور شیخوپورہ میں ڈینگی سٹاف کی بھرتی مکمل ہو چکی ہے اور سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے - خواجہ سلمان رفیق نے تمام افسران کو انسداد ڈینگی کے اقدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی- انہوں نے قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائرشاپس اور گھروں کے اندر ڈینگی سرویلنس پر زور دیا تا کہ ڈینگی مچھر کے ہاٹ سپاٹس کو ختم کر کے مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :