پاکستان علماء کونسل ،علمائے مسلمین کونسل کا امن ،سلامتی ،رواداری کے فروغ بین المسالک و بین المذاہب مکالمے ،دہشتگردی ، انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان

مسلمان معاشروں کی فلاح وبہبود کیلئے علماء کا کردار بہت اہم ہے،اسی لئے پاکستان علماء کونسل اور علمائے مسلمین کونسل نے چھ نکات پر اتفاق کرتے ہوئے ایک دوسرے کیساتھ تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ڈاکٹر یوسف عامراور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی پریس کانفرنس

جمعہ 3 جولائی 2015 20:12

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان علماء کونسل اور علمائے مسلمین کونسل نے امن ،سلامتی ،رواداری کے فروغ بین المسالک و بین المذاہب مکالمے ،دہشتگردی ، انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ بات علمائے مسلمین کونسل اور پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے اسلام آباد ریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ میں کہی۔

علمائے مسلمین کونسل کے امن کارواں کے سربراہ ڈاکٹر یوسف عامراور پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ مسلمان معاشروں کی فلاح وبہبود کیلئے علماء کا کردار بہت اہم ہے۔اسی لئے پاکستان علماء کونسل اور علمائے مسلمین کونسل نے چھ نکات پر اتفاق کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے عالم اسلام اس وقت جن مسائل کا شکار ہے اور دنیا میں تشدد اور فساد کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ علماء امت امت کے مسائل پر مشترکہ مؤقف اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ آج مسلم نوجوانوں کی قرآن و سنت کے مطابق ذہنی اور فکری تربیت کی ضرورت ہے اور مسلم نوجوانوں کودہشتگردی اور انتہا پسندی سے بچانے کیلئے علماء امت کو اپنا کردار اداکرنا ہے۔

مشترکہ اعلامیہ میں مستقبل میں مشترکہ جدوجہد کیلئے مندرجہ ذیل چھ نکات کا اعلان کیا گیا۔امن و سلامتی اور رواداری کا فروغ ۔بین المذاہب اور بین المسالک مکالمہ کی کوشش کرنا ۔دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے جدوجہد۔مسلم امت بالخصوص نوجوانوں کی قرآن اور سنت کے مطابق ذہنی و فکری تربیت کیلئے جدوجہد ۔امت مسلمہ کے مسئل پر علمائے امت کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا۔مختلف آسمانی مذاہب کے مقدسات (آسمانی کتب،انبیاء کرام،اصحاب رسولؓ،اہلبیتؓ)کے احترام کیلئے قانون سازی کیلئے جدوجہد کرنا۔پریس کانفرنس میں مولانا عبد الحمید صابری،مولانا محمد اسحق،ڈاکٹر ریحام ،ڈاکٹر شعبان ،مولانا طاہر عقیل،قاری محمد ثاقب،مولانا ممتازودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :