پارٹی کے مفاد کے خلاف عناصر کو ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں ،اقبال ظفرجھگڑا

کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ، ہم ہر قیمت پر پارٹی اور کارکنان کے مفاد کا تحفظ کریں گے،سیکرٹری جنرل مسلم لیگ(ن)

جمعہ 3 جولائی 2015 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے بیان میں کہاہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اگر جماعتی بنیادوں پر ہوئے تو وزیراعظم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں نوازشریف کی ہدایت پر ایک کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے اور پارٹی ان الیکشن کے حوالے سے تمام معاملات کا جائزہ لے گی اور یونین کونسلر کے امیدواروں کو حتمی شکل دے گی-اس کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر طارق فضل چودھری ایم این اے کو مقررکیاگیاہے- اس کے علاوہ ممبران میں سٹی صدر راجہ عظمت ،سٹی جنرل سیکرٹری ایم ساجد عباسی،رورل صدر راجہ وقار،رورل جنرل چودھری توصیف،ملک ابرار ایم این اے، انجم عقیل خان ،چودھری اشرف گجر اور سردار مہتاب احمد شامل ہیں-اقبال ظفرجھگڑا نے مزید کہاکہ پارٹی میں کسی طرح کی دھڑے بندی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کچھ لوگ پارٹی کا نام استعمال کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی- انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے مفاد کے خلاف عناصر کو ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں اور نام نہاد گروپ بناکر پارٹی کو کمزور کرنے کی سازش کرے- انہوں نے کہاکہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ہم ہر قیمت پر پارٹی اور کارکنان کے مفاد کا تحفظ کریں گے اور پارٹی کے امور کے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کی نامزد کردہ کمیٹی کو حاصل ہے-

متعلقہ عنوان :