سندھ ریونیو بورڈاپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے جامع حکمت عملی وضع کرے، وزیراعلیٰ سندھ

ہماری سرمایہ کاری کے حوالے سے سازگار پالیسیوں کی بدولت صوبہ میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، سید قائم علی شاہ

جمعہ 3 جولائی 2015 20:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ ریونیو بورڈ کی جون 2015تک 49.37بلین روپے ٹیکس جمع کرنے پر اس کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا ہے اور سندھ ریونیو بورڈ کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے جامع حکمت عملی وضع کریں تاکہ مالی سال 2017تک 100ارب روپے کی سالانہ ریکوری کے ہدف کو یقینی بنایا جاسکے۔

ایس آر بی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے ورلڈ بینک کی مشاورت سے ایس آر بی کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے اور انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ایس آر بی نہ صرف یہ کہ سال 2017کے لئے اپنے مقررہ ہدف کے حصول کو یقینی بنائے گے بلکہ مقررہ ہدف سے زائد ریکوری کرکے دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ان کی حکومت کی گڈ گورننس کہ بدولت ہے کہ اس وقت سندھ حکومت کے تمام ادارے موثر طریقے سے خدمات لوگوں کو دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 126بلین روپے کی ریکارڈ ترقیاتی فنڈز جاری کئے اور گذشتہ مالی سال کے ترقیاتی مد کے اخراجات 118بلین روپے سے زائد تھے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں متعدد ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرمایہ کاری کے حوالے سے سازگار پالیسیوں کی بدولت صوبہ میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں جن سے دنیا کی مختلف سرمایہ کار کمپنیاں /ممالک بھرپور طریقے سے استفادہ کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں قدرتی وسائل سے استفادہ کے لئے ان کی حکومت موثر اور فعال طریقے سے سرگرم عمل ہے اور جامع اور ٹھوس حکمت عملی وضع کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقعے مہیا کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :