پرویز مشرف کو متحدہ مسلم لیگ کا صدر بنانے کی کوششیں تیز ،(ق) لیگ کا مشرف کو صدر بنانے پر تحفظات کا اظہار

عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ضیاء) کا اس مقصد کیلئے بلائے گئے اجلاس میں شرکت سے انکار

جمعہ 3 جولائی 2015 21:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو متحدہ مسلم لیگ کا صدر بنانے کی کوششیں تیز کر دی گئیں تاہم مسلم لیگ (ق) نے پرویز مشرف کو صدر بنانے پر تحفظات کا اظہار کر دیا جبکہ عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ضیاء) نے اس مقصد کیلئے بلائے گئے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ چٹھہ کے صدر حامد ناصر چٹھہ نے متحدہ مسلم لیگ کے قیام کیلئے ایک اجلاس طلب کیا جس میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے 2 ناراض رہنماؤں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ اور سابق گورنر سردار ذ والفقار کھوسہ کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کر لی ہے جبکہ مسلم لیگ (ف) کی طرف سے سابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں پرویز مشرف کو متحدہ مسلم لیگ کا صدر بنانے کی تجویز کی منظوری دی جائیگی جبکہ پرویز مشرف اجلاس کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں سردار ذوالفقار کھوسہ کے بیٹے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ ‘ آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد اور ذیشان انصاری کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو انہوں نے قبول کر لی ہے تاہم شیخ رشید احمد اور اعجاز الحق نے اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول نہیں کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ حامد ناصر چٹھہ نے چوہدری برادران سے سیاسی تعلقات خراب ہونے کے باعث انہیں بھی اس اجلاس میں مدعو نہیں کیا

متعلقہ عنوان :