کوئٹہ،کیڈٹ کالج مستونگ میں سالانہ انٹرونگ مقابلہ نعت خوانی کا انعقاد

جمعہ 3 جولائی 2015 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) کیڈٹ کالج مستونگ میں سالانہ انٹرونگ مقابلہ نعت خوانی کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سرجن رشید لانگو تھے۔ مقابلے میں ہر ونگ سے دو نعت خواں شریک ہوئے، مصنفین کے فرائض پروفیسر جمیل الرحمن اور پروفیسر ناصر مراد نے انجام دیئے۔ نتائج کے مطابق انفرادی طور پر کیڈٹ عزیزاحمد، کیڈٹ نثار احمد اور کیڈٹ رضوان احمد نے بالترتیب اول، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کی جبکہ عمر ، حید جناح اور اقبال ونگ نے بالترتیب اول دوئم، سوئم اور چہارم پوزیشن حاصل کی۔

تقریب کے اختتام پر تمام کیڈٹس کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا جبکہ عمر ونگ کو چمپئن ٹرافی دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سرجن رشید لانگو نے کہا کہ کیڈٹ کالج مستونگ میں پہلی بار آکر مجھے انتہائی خوشی ہوئی کیونکہ یہاں بلوچستان کے نونہالوں کو بہتری تعلیم وتربیت فراہم کی جارہی ہے جس کا آج مجھے مشاہدہ کرنے کا اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیڈٹس کانظم وضبط بھی قابل تعریف ہے اور ان سب باتوں کا سہرا یقینا یہاں کے اساتذہ کو جاتا ہے جو شبانہ روز محنت کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیڈت کالج مستونگ علاقے کے عوام بالخصوص طلباء کیلئے عطیہ خداوندی سے کم نہیں، انہوں نے اس موقع پر پانی کی بدولت ہونیوالی بیماریوں اور ان سے بچاؤ "Water Beru Discases " کے موضوع پر آگاہی فراہم کی اور پرتاثیر لیکچر دیا۔انہوں نے زور دیا کہ کالج میں جلد از جلد پانی کو صاف کرنے کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیا جائے۔