اللہ اللہ کر بھیا اللہ ہی سے ڈر بھیا…معروف سندھی لوک گلوکار الن فقیر کو ہم سے بچھڑے 15برس بیت گئے

ہفتہ 4 جولائی 2015 15:18

اللہ اللہ کر بھیا اللہ ہی سے ڈر بھیا…معروف سندھی لوک گلوکار الن فقیر ..

حیدر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) پاکستان کے معروف لوک گلوکار الن فقیر کو سامعین سے بچھڑے پندرہ برس بیت گئے لیکن ان کے گائے ہوئے کلام آج بھی زندہ ہیں۔گیت تیرے عشق میں جو بھی ڈوب گیا سے ملک گیر شہرت حاصل کرنے والے الن فقیر کو ہم سے بچھڑے پندرہ برس بیت گئے۔ سندھ کے نامور صوفی لوک فنکار الن فقیر انیس سو بتیس میں جامشورو کے شہر آمری میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

الن فقیر نے پاکستان سمیت کئی ممالک میں بابا بلھے شاہ، عبداللطیف بھٹائی اور سچل سرمست کے کلام گا کر ملک کا نام روشن کیا۔الن فقیر نے سندھی، اردو، سرائیکی اور پنجابی زبان میں صوفیانہ کلام گا کرشہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ لوک گلوکار الن فقیر نے اپنی آواز کے جادو سے ستارہ امتیاز، تمغہ حسن کارکردگی، صدارتی ایوارڈ اور شاہ عبداللطیف سمیت کئی ایوارڈز حاصل کئے۔معروف لوک فنکار الن فقیر نے دنیا بھر میں سندھ اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا۔ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کیلئے گھر کرنے والے لوک فنکار الن فقیر چار جولائی دو ہزار کو ہم سے جدا ہو گئے مگر ان کے گائے ہوئے صوفیانہ کلام آج بھی زندہ ہیں۔