امریکی باکس آفس‘ فلم ان سائیڈ آوٴٹ کا راج، جراسک ورلڈ دوسرے، ٹرمینیٹر جینیسز تیسرے نمبر پر رہی

پیر 6 جولائی 2015 15:43

امریکی باکس آفس‘ فلم ان سائیڈ آوٴٹ کا راج، جراسک ورلڈ دوسرے، ٹرمینیٹر ..

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) امریکی باکس آفس پر اینی میٹڈ کامیڈی فلم ان سائیڈ آوٴٹ نے دھوم مچا دی۔ ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم جراسک ورلڈ کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔ ہالی ووڈ اینی میٹڈ فلم ان سائیڈ آوٴٹ نے اس ہفتے شائقین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ چار کروڑ تریپن لاکھ ڈالر کما کر باکس آفس پر پہلی پوزیشن سنبھال لی اور چار ہزار سے زائد سینما گھروں سے مجموعی طور پر چوبیس کروڑ باسٹھ لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

(جاری ہے)

ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم جراسک ورلڈ چار کروڑ اڑتیس لاکھ ڈالر کے ساتھ باکس آفس میں دوسرے نمبر پر رہی اور مجموعی طور پر چھپن کروڑ بیاسی لاکھ ڈالر کا بزنس سمیٹ چکی ہے۔ جراسک ورلڈ اب تک مجموعی بزنس کے حوالے سے چوتھی بڑی فلم قرار پائی ہے۔ باکس آفس کی نئی فلم ٹرمینیٹر جینیسز اس ہفتے چار کروڑ بیالیس لاکھ ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ فلم میجک مائیک ایکس ایکس ایل کی تین ہزار سے زائد سینماوٴں میں نمائش جاری ہے اور اس ہفتے دو کروڑ ستر لاکھ ڈالر کا بزنس کر چکی ہے۔