لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں کل لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کرینگے

منگل 7 جولائی 2015 14:28

لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں کل لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں کل ( بدھ ) لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے‘بادشاہی مسجداورجامع مسجدالقادسیہ سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افرادکیلئے اعتکاف کے وسیع پیمانے پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ،آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مساجد میں رش بھی بڑھ جائے گا،طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پاکستان بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج 20 رمضان المبارک کو اعتکاف بیٹھنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ ملک بھر کے ہرچھوٹے بڑے شہر،قصبوں ودیہاتوں کی مساجد میں لوگ20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کریں گے اوررات عبادت کے بعد نماز فجر کے متصل بعد خیموں میں داخل ہوں گے۔

(جاری ہے)

عیدالفطر کاچاند نظرآنے کے بعد اعتکاف ختم کیاجائے گا ۔

صوبائی دارلحکومت کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلئے چند دن پہلے سے ہی نتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ بادشاہی مسجد میں سینکڑوں افراد اعتکاف کریں گے۔ جامع مسجدالقادسیہ چوبرجی میں جہاں حافظ محمدسعید خطبہ جمعہ دیتے ہیں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی تین ہزارسے زائد مردوخواتین اعتکاف بیٹھیں گے۔ مسجدالقادسیہ میں مردوں کی طرح سینکڑوں خواتین بھی اعتکاف کرتی ہیں جن کیلئے شرعی پردہ کامکمل انتظام موجود ہوتاہے۔

معتکفین کیلئے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ طاق راتوں میں مسلمان خصوصی عبادت کریں گے اورکشمیر، اراکان برما وفلسطین سمیت دیگرخطوں کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ آخری عشرہ کی طاق راتوں میں لیلة القدر کوتلاش کرنے کیلئے مسلمان ساری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات ومناجات پیش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :