ٹنڈو محمد خان، ڈی ایچ او ڈاکٹر علی بخش ملاح نے چار روز میں ایک کروڑ 87لاکھ روپے کے جعلی بل بنا کر رقم نکلوالی،پیر احمد سعید جان سرہندی

منگل 7 جولائی 2015 18:13

ٹنڈومحمدخان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء) ضلع ٹنڈومحمدخان کے سماجی رہنماء پیر احمد سعید جان سرہندی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت ضلع ٹنڈومحمدخان میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا چارج سنبھالنے والے ڈی ایچ او ڈاکٹر علی بخش ملاح نے چار روز میں ایک کروڑ 87لاکھ روپوں کے جعلی بل بنا کر رقم نکلوالی ، جنریٹر کے پیٹرول کی مد میں 1لاکھ 99ہزار روپے ، گاڑیوں کے پیٹرول کی مد میں8لاکھ 70ہزار روپے ، جھاڑو، ٹشو ، صابن ودیگر استعمال کی اشیاء کی مد میں 7لاکھ 90ہزار روپے ، ادویات کی خریداری کی مد میں 1کروڑ 68لاکھ 64ہزار روپے ، دفتری استعمال کا سامان 22ہزار 6سو روپے ، یونیفارم کی مد میں 8ہزار 700روپے اور پرنٹنگ کی مد میں 11ہزار 9سو روپے نکلوائے گئے یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، پیر احمد سعید جان سرہندی نے کہاکہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کی صورتحال انتہائی خراب ہے ، سول اسپتال میں عوام کو ادویات و جنریٹر کی سہولت معیسر نہیں ، سول اسپتال میں صرف 2ایمبولینس کام کررہی ہیں ، جبکہ محکمہ صحت کی درجنوں گاڑیاں خراب کھڑی ہیں ، صرف 2ایمبولینس نے لاکھوں روپوں کا پیٹرول کس طرح استعمال کیا ، انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت میں ہونیوالی کرپشن میں ضلع ٹنڈومحمدخان کے منتخب نمائندوں کی سرپرستی حاصل ہے ، کیوں کہ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن کا ایک بڑا حصہ ان منتخب نمائندوں کو دیا جاتا ہے ، گذشتہ سات سالوں سے ٹنڈومحمدخان کے تمام محکموں میں کرپشن کا بازار گرم ہے ، لیکن کوئی انکوائری کرنے کو تیار نہیں ، اس موقع پر سماجی رہنماء نے صحافیوں کو کرپشن کے دستاویزی ثبوت بھی فراہم کئے ، انہوں نے نیب اور ایف آئی اے سے اپیل کی کہ وہ ضلع ٹنڈومحمدخان محکمہ صحت میں ہونیوالی کرپشن کا نوٹس لیں اور کرپشن میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں ۔