سپورٹس جرنلسٹس نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کا ایک انتہائی اہم ذریعہ ہیں،محمدعاطف

منگل 7 جولائی 2015 18:50

سپورٹس جرنلسٹس نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کا ایک انتہائی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جولائی۔2015ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ایلییمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن محمد عاطف نے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلسٹس نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کا ایک انتہائی اہم ذریعہ ہیں اور اگر انہیں بین الاقوامی سطح پر کوریج کے مواقع حاصل ہوں تو وہ نہ صرف صوبہ بلکہ سارے ملک میں کھیلوں کی ترقی و فروغ میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وہ منگل کے رو زاپنے دفتر میں سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کی کوریج کیلئے نامزد چھ ممبران میں سفری ٹکٹیں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پرانہوں نے مقامی اور قومی اخبارات اور ٹی وی چینلز کے نمائندوں میں دورہ سری لنکا کی ٹکٹیں تقسیم کیں ۔

(جاری ہے)

محمد عاطف نے کہا کہ ان کی حکومت صوبہ بھر کے سیکنڈری سکولوں میں کھیلوں کو عام کر رہی ہے جس کیلئے کھیلوں کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے اور آئندہ سیزن میں صوبے بھر کے سکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے مزید احسن طور پر منعقد کئے جائیں گے جن سے طالب علم کھلاڑی صوبے اور ملک کو بھی دستیاب ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین کوریج ملے تو وہ زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہیں لہذا اس حوالے سے سپورٹس جرنلسٹس پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کھیل اور کھلاڑی کی ترویج کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کے کردار کو بھی سراہا اور نومنتخب عہدے داروں سے توقع ظاہر کی وہ ذاتی مفادات کی بجائے اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں گے۔ محمدعاطف نے یقین ظاہر کیا کہ دورہ سری لنکا کے دوران اس خطے سے تعلق رکھنے والے سپورٹس جرنلسٹس اپنے ملک اور صوبے کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے سپورٹس رائٹرز کے لئے مالی معاونت کا اعلان بھی کیا۔

قبل ازیں ایسوسی ایشن کے صدر جہانزیب صدیق نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت صوبے بھر میں سپورٹس جرنلسٹس کی بہتری کے اقدامات کر رہے ہیں اور دورہ سری لنکا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیزن میں ان کی ایسوسی ایشن محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر سکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں کی بہترین کوریج کرے گی۔