لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمہ ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 8 جولائی 2015 10:48

لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمہ ماڈل ایان علی کی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے کیس کی سماعت کی۔ایان علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کا کسٹم بنچ درخواست ضمانت کو مسترد کر چکا ہے،کسٹم بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ کے پاس سماعت کی جا سکتی ہے مگر رجسٹرار آفس نے درخواست ضمانت پر اعتراض عائد کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایان علی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں لہذا عدالت عالیہ کے کسٹم بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو سماعت کے لئے دو رکنی بنچ کے پاس بھجوایا جائے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ پہلے ہی اداکارہ کی درخواست ضمانت مسترد کر چکی ہے پھر ایک اور درخواست ضمانت کیوں دائر کی گئی عدالت اس پہلو کا جائزہ لے گی۔عدالت نے ایان علی کی درخواست ضمانت کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔