پاکستانی ٹیم میں اس وقت یونس خان سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں،وقار یونس

بدھ 8 جولائی 2015 13:04

پاکستانی ٹیم میں اس وقت یونس خان سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں،وقار یونس

پالی کیلے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں اس وقت یونس خان سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں،یاسر شاہ نے سعید اجمل کی کمی محسوس نہیں ہونے دی ایسی کارکردگی تو شین وارن نے بھی اپنے کیر ئیر کے شروع میں نہیں دکھائی، ون ڈے سیریز میں بھی پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،ون ڈے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سیریز کی جیت سے یقیناً حوصلے ملے گا،شاندار کاکردگی پر ناقدین کی غیرضروری تنقید کی وجہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ 9 برس بعد سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا سہرا کپتان مصباح الحق اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، پالی کیلے ٹیسٹ میں پاکستان کے پاس یونس خان ہی ایسا مہرہ تھے جن کی مدد سے377 رنز کا ہدف حاصل کیا جاسکتا تھا۔

(جاری ہے)

یونس خان نے مشکل صورت حال میں جس طرح کی شاندار کارکردگی دکھائی وہ صرف وہی کرسکتے تھے۔

یونس خان اور شان مسعود کی ڈبل سنچری شراکت کے بعد یونس اور مصباح الحق کے درمیان 127 رنز کی شراکت ہدف تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہوئی۔وقاریونس نے کہا کہ سعید اجمل کے بعد ہرکوئی مایوس ہوگیا تھا لیکن ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ نے سعید اجمل کی کمی محسوس نہیں ہونے دی، یاسرشاہ نے اپنے کیر ئیرکے ابتدائی 9 ٹیسٹ میچوں میں ہی وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی ہے ایسی کارکردگی تو شین وارن نے بھی اپنے کیریئر میں نہیں دکھائی اسی طرح ذوالفقاربابر نے بھی بڑی عمدہ بولنگ کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں بھی پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی کیونکہ سری لنکا کی ٹیم کو ہرایا جاسکتا ہے اور جو کھلاڑی ون ڈے سیریز کیلیے آ رہے ہیں انھیں ٹیسٹ سیریز کی جیت سے یقیناً حوصلے ملے گا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کو شکست دی ہے، اگر کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیں تو بیٹسمینوں نے کئی سنچریاں بنائی ہیں جبکہ بولرز نے بھی کئی بار اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایسی کارکردگی پر ناقدین کی غیرضروری تنقید کی وجہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔