عید شاپنگ میں تیزی آتے ہی جیب تراشی کی وارداتوں میں اضافہ ،مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین جیب تراش بھی سرگرم

بدھ 8 جولائی 2015 13:55

عید شاپنگ میں تیزی آتے ہی جیب تراشی کی وارداتوں میں اضافہ ،مردوں کے ..

فیصل آباد ۔8 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی۔2015ء) صوبہ کے مختلف شہروں میں عید الفطر کی آمد قریب آنے کے ساتھ ساتھ عید شاپنگ میں تیزی آتے ہی اہم کاروباری مراکز ، بازاروں ، مارکیٹوں،بس و ویگن سٹینڈز اور دیگر مصروف پبلک مقامات پر جیب تراشی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین جیب تراش بھی سر گرم ہو گئی ہیں جنہوں نے خریداری کیلئے آنے والے کئی مرد و خواتین حضرات کو ان کی جیبوں اور پرسوں میں موجود پونجی سے محروم کر نا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اگرچہ کئی بازاروں اور مارکیٹوں و شاپنگ سنٹرز ، پلازوں کے ساتھ ساتھ بس و ویگن سٹینڈز پر "جیب کتروں سے محتاط رہیں" کے بینرز اور پلے کارڈز آویزاں کر دیئے گئے ہیں لیکن جیب تراشوں کے سد باب کیلئے کوئی عملی کاروائی دیکھنے میں نہ آئی ہے۔ دریں اثناء عید شاپنگ کیلئے آنے والے خریداروں خصوصاً خواتین نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عید شاپنگ کے موقع پر جیب تراشوں کی سرکوبی ، ان کی بیخ کنی اور ان کے قلع قمع کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔