کراچی :ایک ہفتے میں چوتھا بڑا بریک ڈائون ، متعدد علاقوں میں بجلی بند

پیر 13 جولائی 2015 11:02

کراچی :ایک ہفتے میں چوتھا بڑا بریک ڈائون ، متعدد علاقوں میں بجلی بند

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی2015ء)کے اليکٹرک کی ناقص کارکردگی نے کراچی میں رمضان کی 25 ویں شب کو روشنياں ماند کر ديں ۔ ایک ہفتے میں چوتھی بار بجلی کا بڑا بریک ڈائون ، بن قاسم ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے بن قاسم ون اور ٹو کے تمام یونٹ بند ہوگئے ۔ آٹھ گھنٹے گذرنے کے باجود شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے ۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

بریک ڈائون کے باعث پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔ کے ڈی اے آٹو ٹرانسفارمر ٹرپ ہوئے اور روشنيوں کے شہر ميں تاريکی چھا گئی ، ايک ہفتے کے دوران چوتھی بار کراچي کو بڑے بريک ڈاؤن کا سامنا ہوا ۔ ماڈل کالونی ، گلستان جوہر ، گلشن اقبال ، نارتھ ناظم آباد ، بفر زون ، ناظم آباد ، گلشن معمار ، سکیم 33 ، ملیر نیو کراچی ، سرجانی ٹاؤن اور گڈاپ تک شہر کا پچاس فيصد حصہ بجلی سے محروم ہوگيا ۔

(جاری ہے)

رمضان کی 25 ویں شب بجلی کی عدم فراہمی سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں نے اندھیرے میں سحری کی ۔ ترجمان کے الیکٹرک نے بن قاسم سے آنے والی ٹرانسمیشن لائن میں نمی بڑھ جانے کا بہانا بنایا اور کہا کہ رات دو بجے ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے بن قاسم ون اور ٹو کے تمام یونٹ بند ہوگئے ۔ بن قاسم سے آنیوالی ٹرانسمیشن لائن کے 95 فیڈرز ٹرپ کرگئے ۔

کے اليکٹرک انتظاميہ نے آدھے گھنٹے ميں مسئلہ حل کرنے کا دعویٰ کيا لیکن اندھيرے ميں ڈوبا شہر کے الیکٹرک کے دعووں کومنہ چڑانے لگا ۔ ترجمان کے مطابق شہر میں بجلی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق دھابیجی ، گھارو ، حب اور پیپری میں بجلی کا بریک ڈائون ہوا جس کے باعث بیک پریشر سے دھابیجی نمبر 5 کی رائزنگ لائن پھر پھٹ گئی جس کے نتیجے میں سینکڑوں گیلن پانی سے شہر نہ صرف محروم ہوا بلکہ لائن سے پانی کی فراہمی بھی منقطع ہوئی ۔

ایم واٹر بورڈ نے متاثرہ لائن کی فوری مرمت کرنے کی ہدایات جاری کردیں ۔ بجلی کی عدم فراہمی سے ایک شہر میں واٹر بورڈ کے نظام ترسیل آب کے پمپ بند ہونے سے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے ، دوسری جانب کثیر المنزلہ عمارتوں میں بھی پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔