سیالکوٹ پولیس نے بھارتی انکار کے بعدہندوستانی شہری کوہیڈمرالہ کے قریب دفن کردیا

پیر 13 جولائی 2015 12:00

سیالکوٹ پولیس نے بھارتی انکار کے بعدہندوستانی شہری کوہیڈمرالہ کے قریب ..

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء ) سیالکوٹ پولیس نے نامعلوم ہندوستانی شخص کی لاش کو بطور امانت ہیڈمرالہ کے قریب عارضی طور پر دفن کردیا۔پنجاب رینجرز کے سینئر عہدے دار کے مطابق ضعیف العمر شخص کی لاش ہندوستان سے دریائے جموں توی کے سیلابی ریلے میں بہتی ہوئی ہیڈمرالہ پہنچی تھی۔مقامی باشندوں نے اس لاش کو دیکھ کر پولیس کو اس کے متعلق مطلع کیا تھا۔

(جاری ہے)

رینجرز کے عہدے دار نے کہا کہ پنجاب رینجرز نے اس لاش کی حوالگی کے لیے باضابطہ طور پر ہندوستانی سرحدی سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) سے رابطہ کیالیکن بی ایس ایف کا کہنا تھا کہ اب تک بھارت میں اس حوالے سے کسی نے کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس ایف کی جانب سے اس لاش کو لینے سے انکار کے بعد اسے بطور امانت عارضی طور پر دفن کردیا گیا۔

اس کی جیب سے کچھ ہندوستانی کرنسی نوٹ برآمد ہوئے تھے، جس سے تصدیق ہوئی کہ یہ ہندوستانی شہری تھا، لیکن اس کی شناخت نہیں کی جاسکی۔یاد رہے کہ دو دن پہلے پنجاب رینجرز نے سیالکوٹ کے قریب ایک ہندوستانی شہری کی لاش بی ایس ایف کے حوالے کی تھی، 70 برس کے اس شخص کی شناخت کانتھ لعل کے نام سے ہوئی تھی۔کانتھ لعل کی لاش بھی دریائے جموں توی میں بہتی ہوئی ہیڈمرالہ پہنچی تھی۔

متعلقہ عنوان :