کیریبیئن لیگ ، مصباح الحق پہلے میچ میں صفر کی خفت سے دوچار

پیر 13 جولائی 2015 12:07

کیریبیئن لیگ ، مصباح الحق پہلے میچ میں صفر کی خفت سے دوچار

کنگسٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار13جولائی۔2015ء) مصباح الحق نے کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ’ڈک‘ کے ساتھ انٹری دے دی، اپنے پہلے ہی مقابلے میں خود تو صفر کی خفت سے دوچار ہوگئے تاہم ان کی ٹیم بارباڈوس ٹرائیڈنٹس نے جمیکا تلاواز کو 17 رنز سے پچھاڑ دیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مصباح شعیب ملک کی جگہ اس ٹیم میں شامل ہوئے ہیں مگر اپنے پہلے ہی میچ میں بدقسمتی کا شکار ہوگئے، ان کی اننگز کی تیسری گیند بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر والٹن کے گلوز میں سما گئی تاہم پولارڈ کی جارحانہ اننگز کی وجہ سے بارباڈوس نے 7 وکٹ پر 146 رنز بنائے،پولارڈ 59 رنز پر ناقابل شکست رہے، تھیرون اور آندرے رسل نے دودو وکٹیں لیں۔

جواب میں جمیکا کی ٹیم 7 وکٹ پر 129 رنز بنا پائی۔ چیڈووک والٹن نے 46 اور نکروما بونیر نے 31 رنز بنائے، کرس گیل صرف 14رنز پر رامپال کی وکٹ بن گئے، ایکسٹرا کور پر موجود مصباح الحق نے گھبرانے کے باوجود دوسری کوشش میں ان کا کیچ قابو کیا۔ روبن پیٹرسن نے 3 جبکہ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں لیں ۔