عیدالفطر کی وجہ سے سکواش ٹیم کا تربیتی کیمپ ایک ہفتہ کیلئے مؤخر کر دیا گیا

پیر 13 جولائی 2015 13:19

عیدالفطر کی وجہ سے سکواش ٹیم کا تربیتی کیمپ ایک ہفتہ کیلئے مؤخر کر دیا ..

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) پاکستان سکواش فیڈریشن نے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کیلئے اسلام آباد میں جاری قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ عیدالفطر کی وجہ سے ایک ہفتہ کیلئے مؤخر کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کو عیدالفطر کے بعد 22 جولائی کومصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں رپورٹ کرے گی جس کے بعد وہ ورلڈ جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن میں شرکت کیلئے ہالینڈ روانہ ہو جائے گی۔

پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نوازکے مطابق تربیتی کیمپ میں دو سینئر اور 6 جونیئر کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں میں ناصر اقبال اور فرحان زمان جبکہ جونیئر کھلاڑیوں میں طیب حسن ‘ عاصم خان ‘ اسرار احمد ‘ عباس شوکت ‘ احسن ایاز اور ذیشان خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی وجہ سے قومی کھلاڑی رات 11 سے 2 بجے تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت حاصل کر رہے تھے تاہم فیڈرشن نے عیدالفطر کی چھٹیوں کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ایک ہفتہ کے لئے بند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ عید الفطر کے فوراً بعد 25 سے 27 جولائی تک ہالینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں پانچ قومی جونیئر کھلاڑی طیب اسلم ‘ عاصم خان ‘ اسرار احمد ‘ عباس شوکت اور احسن ایاز پاکستان کی نمائندگی کرینگے اور ایونٹ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم 23 جولائی کو ہالینڈ روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے باصلاحیت ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں شرکت کے بعدقومی جونیئر کھلاڑی دوبارہ کیمپ کو جوائن کرینگے۔