کیریبئین لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی

پیر 13 جولائی 2015 13:34

کیریبئین لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی

کنگسٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) مصباح الحق نے کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ’ڈک‘ کے ساتھ انٹری دے دی، سی پی ایل میں اپنے پہلے ہی مقابلے میں صفر کی خفت سے دوچار ہوگئے تاہم ان کی ٹیم بارباڈوس ٹرائیڈنٹس نے جمیکا تلاواز کو 17 رنز سے پچھاڑ دیا۔مصباح شعیب ملک کی جگہ اس ٹیم میں شامل ہوئے ہیں مگر اپنے پہلے ہی میچ میں بدقسمتی کا شکار ہوگئے، انھوں نے تین بالز کا سامنا کیا، ڈینیئل ویٹوری کی گیند ان کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹ کیپر والٹن کے گلوز میں سما گئی تاہم کیرون پولارڈ کی شعلہ فشاں اننگز کی وجہ سے بارباڈوس نے 7 وکٹ پر 146 رنز بنائے،پولارڈ 59 رنز پر ناقابل شکست رہے، تھیرون اور آندرے رسل نے دودو وکٹیں لیں۔

جواب میں جمیکا کی ٹیم 7 وکٹ پر 129 رنز بنا پائی۔

(جاری ہے)

چیڈووک والٹن نے 46 اور نکروما بونیر نے 31 رنز بنائے، کرس گیل صرف 14رنز پر رامپال کی وکٹ بن گئے، ایکسٹرا کور پر موجود مصباح الحق نے گھبرانے کے باوجود دوسری کوشش میں ان کا کیچ قابو کیا۔ روبن پیٹرسن نے 3 جبکہ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں لیں۔دوسرے میچ میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے سینٹ کٹس نیوس پیٹریاٹس کو 6 وکٹ سے زیر کرلیا۔ ناکام ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوئی، شاہد آفریدی 9 اور سہیل تنویر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں ٹرینیڈاڈ نے 4 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔