شہری کی ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت ، آئی جی خیبرپختونخوا نے دو سب انسپکٹروں اور ایک کانسٹیبل کو معطل کردیا

پیر 13 جولائی 2015 18:07

شہری کی ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت ، آئی جی خیبرپختونخوا نے دو سب انسپکٹروں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے عوامی شکایات پر دو سب انسپکٹروں اور ایک کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کرکے اُن کے خلاف پرچے درج کرانے اورمحکمانہ کاروائی کا حکم جاری کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے ایک شہری نے آئی جی پی کوایس ایم ایس کے ذریعے شکایت کی تھی کہ سب انسپکٹر جہان زیب خان انچارج پولیس پوسٹ گل آباد تھانہ بھانہ ماڑی اکثر شام کے وقت پولیس چوکی کے سامنے نشئی چرسی لوگوں کو جمع کرتے ہیں ۔

جنکی وجہ سے وہاں پر عورتوں،بچوں اور بزگوں کو مشکلات ومسائل کا سامنا کرناپڑتاہے۔ اسی طرح انہوں نے پچھلے تین چار سال سے چوکی سے قریبی گھروں کوبجلی اور گیس کے غیر قانونی کنکشن دے رکھے ہیں جن سے اپنے لیے 7/8ہزار روپے ماہانہ بل وصول کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح مردان کے دو شہریوں نے آئی جی پی کو علیحدہ علیحدہ ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت کی تھی کہ پولیس کانسٹیبل ارشاد نے اُن سے فراڈکرکے کسی اعلیٰ محکمے میں اچھی پوسٹ پر بھرتی کے عوض سات لاکھ روپے لئے ہیں۔

اسی طرح ایک اور شہری سے فراڈ کے ذریعے محکمہ صحت سے میڈیسن کمپنی کی رجسٹریشن کے لئے 3150000 روپے لئے ہیں۔آئی جی پی نے ان شکایات کو ڈی آئی جی انکوائری اینڈانسپکشن کے زریعے چیک کیا تو انہوں نے اپنی رپورٹ میں ان شکایات کو درست قرار دیا۔ جس پر آئی جی پی نے کاروائی کرتے ہوسئے مذکورہ دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے اُن کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور مزید محکمانہ کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

اسی طرح ایک اور تحریری شکایت پر آئی جی پی نے انچارج انوسٹی گیشن سب انسپکٹر افسر سید پولیس اسٹیشن تخت بھائی کو ناقص تفتیش پر معطل کرکے اُن کے خلاف محکمانہ کاروائی کا حکم صادر کیا ہے۔ مذکورہ سب انسپکٹر نے قتل کے ایک مقدمے کی ناقص تفتیش کی جس کی وجہ سے ملزمان عدالت سے رہا ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :