آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی ، جنوبی افریقہ کھلاڑی پر 50فیصد میچ فیس جرمانہ

میچ کے دوران بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال آؤٹ ہوئے تو رلی روسو نے ان سے کندھا ٹکرایا جس کا میچ آفیشلز نے نوٹس لے لیا

پیر 13 جولائی 2015 22:29

آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی ، جنوبی افریقہ کھلاڑی پر 50فیصد میچ فیس ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جنوبی افریقی کھلاڑی پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کے دوران جب بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال آؤٹ ہوئے تو رلی روسو نے باوٴلر کگیسو ربادا کی جانب جاتے ہوئے ان سے کندھا ٹکرایا۔

اس موقع پر تمیم نے فوری طور پر امپائرز کی اس جانب توجہ مبذول کرائی جو گیند کو واپس لینے کی تک و دو میں اس جانب توجہ نہیں دے سکے۔روسو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کے تحت انٹرنیشنل میچ کے دوران کسی بھی کھلاڑی، امپائر، آفیشل، میچ ریفری یا شائقین سمیت کسی بھی شخص سے جان بوجھ کر جسمانی طور پر ٹکرانا جرم ہے۔

(جاری ہے)

رلی روسو نے میچ ریفری ڈیوڈ بون کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے کو قبول کر لیا جس کے بعد رسمی کارروائی کے بغیر ہی معاملہ ختم کردیا گیا۔ڈیوڈ بون نے کہا کہ جرمانے کے معاملے میں روسو بہت سمجھدار ثابت ہوئے، انہیں محسوس ہوا کہ یہ غلط تھا لیکن جان بوجھ کر نہیں کیا گیا جس پر میں ان سے اتفاق کرتا ہوں تاہم ہمارے کھیل میں کسی بھی ایسی چیز کی ہرگز گنجائش نہیں ہے۔اس میچ میں بنگلہ دیش نے سات وکٹ سے فتح حاصل کر کے سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ایک روزہ میچ بدھ کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔ `