آئی پی ایل کرپشن کیس، چنائی سپر کنگز،راجستھان رائلز پر 2سال، گرناتھ میآپن، راج کنندرا پر تاحیات پابندی عائد

منگل 14 جولائی 2015 12:57

آئی پی ایل کرپشن کیس، چنائی سپر کنگز،راجستھان رائلز پر 2سال، گرناتھ ..

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14جولائی۔2015ء) آئی پی ایل کرپشن کیس میں آئی سی سی کے چیئر مین سری نواسن کے داما د گروناتھ میآپن پر میچ فکسنگ کا الزام ثابت ہونے کے بعد 5سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے،چنائی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کو بھی 2سال کے لیے آئی پی ایل سے جدائی برداشت کرنا پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کرپشن کی تحقیقات کے لیے بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے سابق چیف جسٹس راجندرا مال لودھا کی سربراہی میں بنائی گئی 3رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے آج فیصلہ سنادیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کے چنائی سپنر کنگز کے مالک گروناتھ میآپن اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے ہیں جس سے اس کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا، انہوں نے کرکٹ میچز پر بڑی بڑی رقومات لگائیں اور اس کھیل اور بی سی سی آئی کو بدنام کیا جس کے ان پر کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر 5سال اورہر قسم کے کرکٹ میچز میں شرکت پر تاحیات پابندی لگادی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ راجستھا ن رائلز کے سابق مالک اور اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کنندرا بھی اس سٹے بازی میں ملوث پائے گئے ہیں،ان کے کردار نے کرکٹ اور بی سی سی آئی کو بدنام کیا جس کے تحقیقاتی کمیٹی نے ان پر کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے تاہم وہ پانچ سال بعد کرکٹ میچز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

بھارتی سپریم کورٹ کی بنائی 3رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے سٹے بازی اور جوئے کا الزام ثابت ہونے پرآئی پی ایل کی ٹیموں چنائی سپر کنگز اور راجستھا ن رائلز پر بھی آئی پی ایل میں شرکت پر 2سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چنئی سپرکنگز پر پابندی سپریم کورٹ پینل کی تحقیقات کے بعد لگائی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میآپن پر پابندی کا اعلان سامنے آتے ہی ممبئی سٹاک ایکسچینج میں انڈیا سیمنٹ کے شیئرز بھی5فی صد تک گر گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے تحقیقاتی کمیشن کی اس رپورٹ کے بعد آئی پی ایل کا سیزن 9کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔