جرمن مڈفیلڈر بیسٹین شوائن سٹائیگر اور فرانسیسی کھلاڑی مورگن شنائیڈر مانچسٹر یونائیٹڈ میں شامل

منگل 14 جولائی 2015 13:22

جرمن مڈفیلڈر بیسٹین شوائن سٹائیگر اور فرانسیسی کھلاڑی مورگن شنائیڈر ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) انگلش پریمیئرلیگ کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے جرمن مڈفیلڈر بیسٹین شوائن سٹائیگر اور فرانسیسی کھلاڑی مورگن شنائیڈرلین کو سائن کر لیا ہے۔30 سالہ شوائن سٹائیگر جرمن بنڈس لیگا کے چیمپیئن کلب بائرن میونخ کی جانب سے کھیلتے تھے اور اب انھوں نے مانچسٹر یونائٹڈ سے ایک کروڑ 44 لاکھ پاوٴنڈ کا تین سال پر مشتمل معاہدہ کیا ہے۔

دوسری جانب 25 سالہ مڈفیلڈر شنائیڈرلین نے ڈھائی کروڑ پاوٴنڈ پر مشتمل چار سال کا معاہدہ کیا ہے، جس میں توسیع کے امکانات بھی ہیں۔مانچسٹر یونائٹڈ اس سے قبل میمفس ڈیپے اور مٹیو ڈارمین کو بھی سائن کر چکی ہے جس سے رواں سال کلب کے اخراجات آٹھ کروڑ پاوٴنڈ سے تجاوز کر چکے ہیں۔شوائن سٹائیگر مانچسٹریونائٹڈ کے مالک لوئیس وین گال کی سربراہی میں کھیل چکے ہیں جب وہ سنہ 2009 اور 2010 کے درمیان بائرن میونخ کے مینیجر تھے۔

(جاری ہے)

شوائن سٹائیگر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’میں نے بائرن میونخ میں اچھا وقت گزارا، یہ ایک شاندار سفر تھا اور میں نے اسے چھوڑنے کا فیصلہ عامیانہ طور پر نہیں کیا۔’صرف مانچسٹر یونائیٹڈ ایسا کلب ہے جس کے لیے میں میونخ کو چھوڑ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ ’میں اس نئے چیلنج کو سامنا کرنے کے لیے خود کو تیار محسوس کرتا ہوں، میرے خیال میں یہ دنیا کی بہترین لیگ ہے اور میں لوئیس وین گال کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

‘سنہ 2002 میں بائرن میونخ کی طرف سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے شوائن سٹائیگر اب تک اس کلب کی جانب سے 536 میچ کھیل چکے ہیں۔انھوں نے اپنے ملک جرمنی کی نمائندگی کرتے ہوئے سنہ 2014 کے عالمی کپ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ علاوہ ازیں کلب کی سطح پر وہ ایک چیمپیئنز لیگ، آٹھ بنڈس لیگا ٹائٹلز اور سات مقامی سطح کے مقابلوں کی فاتح ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :