صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی 12سالہ مدت کے دوران مبینہ مالیاتی غبن ، ایف آئی نے تحقیقات کا آغاز کردیا

منگل 14 جولائی 2015 13:22

صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن کی 12سالہ مدت کے دوران مبینہ مالیاتی غبن ، ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) وفاقی تحقیقی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) میں فیصل صالح حیات کی بارہ سالہ صدارتی مدت کے دوران ہوئے مبینہ مالیاتی غبن کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ایف آئی اے نے فیصل صالح حیات، سیکریٹری کرنل احمد یار خان لودھی اور فنانس کمیٹی کے چیئرمین آصف علی کو گزشتہ روز طلب کیا گیا تھا۔

ان سے کہا گیا تھا کہ وہ یکم جولائی 2003ء سے لے کر 30 جون 2015ء تک پی ایف ایف کے بینک اکاوٴنٹ کا حساب کتاب اور مکمل آڈٹ رپورٹ کے ساتھ پیش ہوں۔تاہم تاہم ان میں سے کوئی بھی ایف آئی اے کے انسپکٹر کے سامنے پیش نہیں ہوا، جو اس معاملے کی انکوائری کررہے ہیں۔فیصل صالح حیات کے دھڑے کے ترجمان کی جانب سے اس کیس میں ایف آئی اے کے دائرہ اختیار اختیار پر سوال اْٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ایف ایف حالیہ مہینوں کے دوران ایک علیحدہ ہونے والے گروپ کے ساتھ اندرونی رسّہ کشی کا شکار رہی ہے۔ اس گروپ کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے فیصل صالح حیات کو ایک غیرمعمولی کانگریس کے ذریعے پی ایف ایف ہاوٴس پر کنٹرول سے معزول کردیا ہے۔تیس جون کو ایک انتہائی متنازعہ انتخاب کے نتیجے میں جب دونوں فریقین نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو عدالت نے مداخلت کرتے ہوئے انتخابات کو روک دیا تھا۔