پاکستان کا ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے درمیان نیوکلیئر پروگرام کے معاہدے کا خیر مقدم، اہم پیشرفت قرار دیدیا

پاکستان نے ہمیشہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو بات چیت ، پرامن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا تھا، وزارت خارجہ امید ہے معاہدے کے بعد ایران پر سے تمام عالمی پابندیاں اٹھائی جائینگی، نتیجے میں ایران گیس پائپ لائن تعمیر ہو جائیگی، سرتاج عزیز ایرانی نیوکلیئر معاہدے کے بعد گیس پائپ لائن پر ستمبر میں کام شروع ہوسکتا ہے،شاہد خاقان عباسی

منگل 14 جولائی 2015 18:00

پاکستان کا ایران اور 6 عالمی طاقتوں کے درمیان نیوکلیئر پروگرام کے معاہدے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) پاکستان نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان نیوکلیئر پروگرام پر معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو بات چیت اور پرامن طریقے سے حل کرنے پر ہمیشہ زور دیا تھا۔منگل کو جاری کئے گئے بیان میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ایران کیساتھ مذاکرات میں شامل ممالک پر اعتماد کی بحالی کے اقدامات اٹھانے پر اصرار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی نیوکلیئر معاہدہ اس خطے کی امن اور سلامتی پر مثبت اثرات مرتب کریگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاہدے پر دستخط کرنیوالے تمام ممالک معاہدے میں تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائینگے، دریں اثناء خارجہ امور اور قومی سلامتی کیلئے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں ایران گیس پائپ لائن تعمیر ہو جائیگی ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے ، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاہدے کے بعد ایران پر سے تمام عالمی پابندیاں اٹھائی جائینگی، سرتاج عزیز نے کہا کہ معاہدے کے بعد ایران کو عالمی مارکیٹ تک رسائی ہوگی اور اس سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کو فائدہ ہوگا۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت دو ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی لیکن پابندیوں کی وجہ سے اس کا حجم کم ہو کر صرف 300 ملین ڈالر رہ گیا ہے ۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ یہ تجارت ایران پر سے پابندیوں کے بعد دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں پاکستانی اشیاء کی بہت ڈیمانڈ موجود ہے لیکن ایران کو پابندیوں کی وجہ سے ادائیگی میں مشکلات کا سامنا تھا۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایرانی نیوکلیئر معاہدے کے بعد گیس پائپ لائن پر ستمبر میں کام شروع ہوسکتا ہے۔