شیڈولڈ بینکوں کو عیدالفطر کے ایام میں اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک رکھنے کی ہدائت

بدھ 15 جولائی 2015 15:41

شیڈولڈ بینکوں کو عیدالفطر کے ایام میں اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا ..

فیصل آباد ۔15 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالفطر کے ایام میں اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم برانچز میں نصب اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھیں تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتہ داران کو عیدالفطر کے ایام میں رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے نیز تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی خراب اے ٹی ایم مشینیں آج ہر حالت میں چالو کروائیں ورنہ دوران چیکنگ کوئی مشین خراب پائے جانے پر ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس ضمن میں کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔

سٹیٹ بینک کے ذرائع نے بتا یا کہ مختلف بینکوں کے کھاتہ داران کی جانب سے سٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گذشتہ عید کے موقع پر اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو عید کے ایام میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی سرانجام دہی میں بھی سخت دشواری پیش آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ تمام بینکوں کے حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوں میں وافر کرنسی موجود رکھی جائے ۔ا نہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔