دوسرے ون ڈے میں پاکستان کا سری لنکا کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف

بدھ 15 جولائی 2015 18:12

دوسرے ون ڈے میں پاکستان کا سری لنکا کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف

پالی کیلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15جولائی ۔2015ء ) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف دیا ہے ۔ سری لنکا کے پالی کیلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے احمد شہزاد اور کپتان اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن احمد شہزاد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پہلے میچ میں سنچری سکور کرنے والے محمد حفیظ بھی 9 رنز ہی بنا سکے جب کہ بابر اعظم بھی 12 رنز بنا کر چلتے بنے ۔

کپتان اظہر علی اور شعیب ملک نے 83 رنز بناکر پاکستان کی لڑ کھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا جب کہ شعیب ملک 51 رنز بناکرمیتھیوز کا شکار بنے، کپتان اظہر علی 79 رنز بناکرڈلشان کی گیند پر سری ورسھانا کے ہاتھوں کیچ دے بیٹھے ۔ سرفراز احمد 7 رنز بناکر ملینگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انور علی اور محمد رضوان نے 7ویں وکٹ کی شراکت میں 56 کی شراکت داری بنا کر پاکستان کو مضبوط ٹوٹل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ، رضوان 38 گیندوں پر 52 کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے تاہم انور علی نے لنکن باولرز پر لاٹھی چارج جاری رکھا اور پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 287 رنز بنا ڈالے ، پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی 79، محمد رضوان 52 اور شعیب ملک 51 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ، سری لنکا کی جانب سے مالنگا اور پتھیرا نے 2 ، 2 جبکہ میتھیوز ، پرادیپ سری وردنے اور دلشان نے 1،1 وکٹ حاصل کی ، قبل ازیں پاکستان کے کپتان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور پہلا میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو ہی برقرار رکھا گیا ہے جب کہ سری لنکن ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سکوگی پراسنا کی جگہ سچتھ پتھیرانا اور سرنگا لکمل کی جگہ نوان پرادیپ کو موقع دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں محمد حفیظ کی شاندار آل راؤنڈ پرمارمنس کے باعث سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔