الیکشن کمیشن کی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر سے قبل کرانے سے معذرت

نیا انتخابی شیڈول 3اگست کو سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائیگا ، نئی حلقہ بندیوں کیلئے 40 سے 50 دن درکار ہوں گے،ابھی قانون سازی مکمل نہیں ہوئی،ذرائع

بدھ 15 جولائی 2015 18:55

الیکشن کمیشن کی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر سے قبل کرانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر سے قبل کرانے سے معذرت کر لی، 40 سے 50 دن نئی حلقہ بندیوں کیلئے درکار ہوں گے جبکہ ا بھی قانون سازی بھی مکمل نہیں ہوئی۔ ذ رائع کے مطابق نیا انتخابی شیڈول 3اگست کو سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائیگا۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کے زرائع نے آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا پرانا شیڈول منسوخ کرنے اور سینٹ کی طرف سے ترامیم کے ساتھ انتخابی قانون منظور کرنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اکتوبر سے قبل کرانا ممکن نہیں ہوں گے۔

سینٹ سے منظور کیا گیا قانون ا بھی قومی اسمبلی میں پیش ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی نے اگر سینٹ کی ترامیم سمیت قانون منظور کر لیا تو پھر صدر مملکت کے دستخطوں کے بعد قانون نافذ العمل ہو جائیگا لیکن اگر قومی اسمبلی نے سینٹ کی ترامیم کو مسترد کر دیا تو پھر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ہی قانون کی منظوری ہو سکے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نئے قانون کے نافذ العمل ہونے کے بعد ہی کمیشن نیا انتخابی شیڈول جاری کر سکے گا۔ کمیشن کو 40 سے 50 روز نئی حلقہ بندیوں کیلئے درکار ہوں گے جبکہ دیگر انتظاما ت میں بھی وقت لگے گا۔ کمیشن کے ذ رائع نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 3 اگست کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جا سکتا ہے