شکست سے ڈرنا نہیں ، ڈرو گے تو ہار جاؤ گے : وسیم اکرم

جمعرات 16 جولائی 2015 12:20

شکست سے ڈرنا نہیں ، ڈرو گے تو ہار جاؤ گے : وسیم اکرم

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنی شکست سے ڈرنا نہیں چاہیئے کیونکہ اگر ٹیم میں موجود کھلاڑی ڈر جائیں گے تو وہ جیت نہیں پائیں گے۔ سری لنکا کے ہاتھوں دوسرے میچ میں شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے باؤلرز میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن بیٹنگ لائن کی سوچ تبدیل نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرنا بہت ضروری ہے ورنہ پاکستان میں کرکٹ کو شدید نقصان ہو گا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دیگر ٹیمیں ون ڈے میچوں میں 310 سے 320 سکور تک رنز بناتی ہیں اس لیے پاکستان کو بھی چاہیئے کہ حریف ٹیموں کو بڑا سکور ٹارگٹ کے طور پر دیں تاکہ مقابلہ کیا جا سکے۔ بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والی سیریز میں بنگلہ دیش کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور مستقبل میں بھی وہ ایک اچھی ٹیم کے طور پر سامنے آ سکتے ہیں۔