آئی سی سی نے محمد حفیظ کے باؤلنگ کرنے پر 1سال کی پابندی لگا دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 جولائی 2015 13:38

آئی سی سی نے محمد حفیظ کے باؤلنگ کرنے پر 1سال کی پابندی لگا دی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17جولائی۔2015ء) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے باؤلنگ ایکشن کلیئر کرنے میں ناکامی پر قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ پر 1سال کے لیے انٹر نیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ میں محمد حفیظ کا ایکشن رپورٹ ہوا تھا اور امپائرز نے ان کی 5گیندوں پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد 6جولائی کو آل راؤنڈ نے چنائی میں سری راما چندرا یونیورسٹی کی بائیومکینک لیب میں ٹیسٹ دیا تھا۔

(جاری ہے)

آ ج اس ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق آل راؤنڈر اپنا باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے بعد ان پر انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ میں 1سال کے لیے باؤلنگ کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 34سالہ حفیظ اب اس پابندی کے خاتمے کے بعد ہی آئی سی سی سے اپنے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے درخواست کر سکیں گے۔ اس پابندی کے بعد محمد حفیظ اب قومی ٹیم کی جانب سے صرف بطور بلے باز کھیل سکیں گے اور سری لنکا کے خلاف آخری 3ون ڈے میچز میں باؤلنگ بھی نہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر2014ء میں محمد حفیظ کوبولنگ کرنے سے روکا گیا تھا اور بولنگ ایکشن میں بہتری کے بعد آئی سی سی نے انہیں اپریل 2015ء میں کلیئرکیا تھا۔