ہمارے دل آج بھی آرمی پبلک سکول کے شہیدوں کو یاد کررہے ہیں ،بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 17 جولائی 2015 18:13

ہمارے دل آج بھی آرمی پبلک سکول کے شہیدوں کو یاد کررہے ہیں ،بلاول بھٹو ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالفطر کے موقع پرپشاور آرمی اسکول حملے کے متاثرین کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے دل آج بھی آرمی پبلک اسکول کے ان شہیدوں کو یاد کررہے ہیں جن کو گزشتہ سال 16 دسمبر کو دہشتگردوں نے گولیاں مار کر شہید کیا تھا، آج ہم اس حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور بچ جانے والے بچوں کے بھی ساتھ ہیں، اپنے خصوصی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اگر140 سے زیادہ بچے، ٹیچرز اور اسٹاف ممبران سفاک دشمن کے ہاتھوں شہید نہ ہوتے تو وہ بھی آج پوری قوم کی طرح عید منا رہے ہوتے،ہم ان معصوم شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور وہ ہمارے قومی ہیروز اور ہیروئنز ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان شہیدوں کی ہمت اور عظیم قربانی نے پہلی مرتبہ قوم کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں یکجا کردیا، ان شہیدوں کا ہمارے اوپر قرض ہے کہ ہم ان دشمنوں کے خلاف ان کے گھر تک جاکر لڑیں اور ان کو ہمارے درمیان میں سے ہمیشہ کے لیے ختم کردیں،ہم ان کا یہ قرض چکائیں گے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی الفاظ ان معصوم شہیدوں کے والدین اور خاندان کے دکھوں میں کمی نہیں کر سکتے، انہوں نے شہیدوں کے ورثاء سے کہا کہ ”آپ کے بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانی اس قوم کے شعور کی اجتماعی یاد میں سما چکی ہے جو کبھی بھی مٹ نہیں سکتی،پوری قوم کی دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔