سکھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

پیر 20 جولائی 2015 14:05

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جولائی۔2015ء) ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی ہفتہ کے روز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ عیدالفطر کے موقع پر عید گاہ، مساجد، امام بارگاہ، جناح میونسپل اسٹیڈیم، ریلوے گراوٴنڈ، لب مہران، سرکٹ ہاوٴس واکنگ گراوٴنڈ، پبلک اسکول روڈ، مرکزی جامع مسجد، مرکزی امام بارگاہ سمیت ضلع بھر میں 110 مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

سکھر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی گلشن عید گاہ سکھر میں منعقد ہوا جہاں مولانا محمد اسعد تھانوی کی زیر امامت شہر کے ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، رکن سندھ اسمبلی سلیم بندھانی، سابق ایم پی اے ڈاکٹر نصراللہ بلوچ سمیت دیگر نے نماز عید ادا کی۔

(جاری ہے)

نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں آئمہ مساجد و خطباء نے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے عید کے اہم دن کے موقع پر باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک دوسرے کا احترام، مذہبی رواداری کی تلقین کی۔

نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، دہشت گردی کے خاتمے، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی، عالم اسلام کے تحفظ و سربلندی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پولیس کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ایام عید کے دوران انڈس اور نیشنل ہائی ویز کی سیکورٹی کیلئے 1226 اہلکاروں اور افسران کو ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا۔ مرکزی عید گاہ میں نماز عید کی امامت کے فرائض ڈاکٹر مولانا اسعد تھانوی نے، جناح میونسپل اسٹیڈیم میں مفتی محمد ابرہیم قادری نے، مرکزی جامع مسجد میں شیخ الحدیث قاری جمیل احمد نے، اللہ والی مسجد میں مفتی عبدالباری نے اور ریلوے گراوٴنڈ میں مفتی عارف سعیدی نے انجام دیئے۔