بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پانچ سال کی کم سطح پر پہنچ گئی

صبح ابتدائی کاروبار کے دوران قیمت میں 4 فیصد تک کی کمی آئی

پیر 20 جولائی 2015 14:52

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پانچ سال کی کم سطح پر پہنچ گئی

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جولائی۔2015ء) بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پانچ سال کی کم از کم سطح پر پہنچ گئی ہے صبح ابتدائی کاروبار کے دوران اس کی قیمت میں 4 فیصد تک کی کمی آئی ہے۔ایشیائی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت فی اونس 1088 ڈالر تک گر گئی جو 26 مارچ 2010ء کو فی اونس 1100 ڈالر سے کم تھی۔عام طور پر سرمایہ کار غیر یقینی حالات میں سونا خریدنے میں یقین رکھتے ہیں تاہم اب ان کی توجہ امریکی ڈالر پر مبذول ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ میں خیال کیا جارہا ہے کہ فیڈرل ریزرو اس سال شرح سود میں اضافہ کرسکتا ہے جس کی وجہ سے ڈالر کی قوتِ خرید میں مضبوطی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ صبح چین کے شنگھائی گولڈ ایکسچینج پر کچھ منٹ میں ہی سونے کی بھاری خریداری دیکھی گئی۔واضح رہے کہ چین سونے کا سب سے بڑا خریدار ہے اور قیمتوں میں کمی اس کے اس اعتراف کے باوجود ہوئی ہے کہ چھ سال کے دوران جون میں چین کے سونے کے ذخائر 57 فیصد بڑھ گئے ہیں۔عالمی میڈیاکے مطابق 2009ء کے بعد پلاٹینم کی قیمتوں بھی اس وقت سب سے زیادہ 5 فیصد تک کی کمی دیکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چاندی کی قیمتوں میں بھی گراوٹ کا رجحان نظر آیا پیر کو ایشیائی بازاروں میں امریکی ڈالر میں برتری دیکھی گئی جس کا اثر بھی سونے پر دیکھا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :