پاکستان اور سری لنکا کے مابین چوتھا ون ڈے آج دوپہر ہوگا ، میزبان بورڈ نے سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دئیے

بدھ 22 جولائی 2015 11:02

پاکستان اور سری لنکا کے مابین چوتھا ون ڈے آج دوپہر ہوگا ، میزبان بورڈ ..

کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22جولائی۔2015ء) پاکستان اور سری لنکا پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آج کولمبو کے میدان میں اتریں گے ، تیسرے ایک روزہ میچ میں ہنگامہ آرائی کے بعدآئی لینڈرز کے کرکٹ بورڈ نے حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا چوتھا ون ڈے آج کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

میچ پاکستانی وقت کیمطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا ۔ شاہینوں نے تیسرے ایک روزہ میچ میں اسی میدان پر میزبان ٹیم کو شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کی اور چوتھے میچ میں بھی آئی لینڈرز کو ڈھیر کرنے کیلئے پر عزم ہیں ، کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹیم کے بیٹسمین اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کوشش ہے کہ اس فارم کو چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی برقرار رکھا جائے ۔

حریف ٹیم کے کپتان گرین شرٹس کی بہترین کارکردگی سے کچھ پریشان ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم دباؤ میں ضرور ہے لیکن پاکستان کیلئے تر نوالہ ثابت نہیں ہوں گے ۔ آئی لینڈرز کی کوشش ہو گی کہ چوتھا میچ جیت کر سیریز 2-2 سے برابر کر دیں جبکہ پاکستان اہم میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیریز جیتنے کیساتھ چیمپئنز ٹرافی کا ٹکٹ بھی حاصل کر سکتا ہے ۔سری لنکا کی ٹیم میں بھی ہار کا بدلا لینے اور سیریز کو برابر کرنے کیلئے تیار ہے ۔

دوسری جانب میزبان ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے چوتھے ون ڈے میں کسی بدمزگی سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ شائقین سٹیڈیم میں شیشے کی بوتلیں اور سگریٹ نہیں لا سکیں گے ، موسیقی کے آلات ساتھ لانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ پاکستان اور آئی لینڈرز کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ کو اس وقت روکنا پڑاتھا جب شائقین نے سری لنکا کی بیٹنگ ناکام ہونے پر سٹیڈیم میں پتھراؤ کیا ۔