ایشز سیریز،تیسرے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا اور ڈربی شائر کے مابین تین روزہ ٹور میچ کل شروع ہوگا

بدھ 22 جولائی 2015 13:34

ایشز سیریز،تیسرے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا اور ڈربی شائر کے مابین تین روزہ ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء) انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 29 جولائی سے 2 اگست تک ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا، اس سے قبل مہمان ٹیم آسٹریلیا ڈربی شائر کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کھیلے گی جوکل جمعرات سے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایشز کے سنسنی خیز مقابلے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین جاری ہیں، دونوں ٹیموں کے مابین پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

(جاری ہے)

کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے زیر کیا تاہم لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں کینگروز نے شاندار کم بیک کیا اور انگلش ٹیم کو چاروں شانے چت کر کے سیریز برابر کر دی۔ مہمان ٹیم نے 405 رنز کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کرکے پہلے ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ چکایا۔ آسٹریلوی ٹیم پرسوں ڈربی شائر کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین تیسرا ٹیسٹ 29 جولائی سے 2 اگست تک ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 6 سے 10 اگست تک ٹرینٹ برج، نوٹنگھم جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ 20 سے 24 اگست تک کینگٹن اوول، لندن میں کھیلا جائے گا۔