مصباح سے میرا موازنہ نہ کیا جائے،انکے، میرے کھیلنے کے سٹائل میں بہت فرق ہے‘ یونس خان

بدھ 22 جولائی 2015 13:37

مصباح سے میرا موازنہ نہ کیا جائے،انکے، میرے کھیلنے کے سٹائل میں بہت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء)قومی کر کٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان کہا ہے کہ ون ڈے سکواڈ سے اخراج کا دکھ بھی اب تک فراموش نہیں کر سکا، میرا ون ڈے کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا ،سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکام ہو جاتا تو مجھے ٹیسٹ ٹیم سے بھی باہر کر دیا جاتا،مصباح سے میرا موازنہ نہ کیا جائے،انکے اور میرے کھیلنے کے سٹائل میں بہت فرق ہے، اپنے ایک انٹرویو میں یونس خان نے کہا کہ اگر سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں میچ وننگ 177رنز نہ بناتا تو ٹیسٹ ٹیم سے بھی باہر کر دیا جاتا، جاوید میانداد کے سب سے زیادہ رنز کے ریکارڈ سے چند قدم دوری پر ایسا ہونے پر میری ذہنی حالت کیا حالت ہوتی؟ انھوں نے کہا کہ پالے کیلی میں جلد آوٴٹ ہونے پر ایسا ممکن تھاکہ کہا جاتا کہ مٹی پاوٴ، یہ ٹیم پر بوجھ بن گیا باہر نکالو، مگر ایسی بے مروتی اچھی بات نہیں، میری ہمیشہ کوشش رہی کہ ٹیم کیلئے کھیلوں، انھوں نے مصباح الحق کا نام لیے بغیر کہا کہ نمبر5،6پر بیٹنگ آسان ہے کیونکہ گیند تب تک پرانی ہو چکی ہوتی ہے مگر میں ہمیشہ ابتدائی پوزیشنز پر کھیلنے کیلئے تیار رہتا ہوں۔

(جاری ہے)

مینجمنٹ کو بھی پلیئرز کو اعتماد دینا چاہیے، یونس خان نے کہا کہ میرا ون ڈے کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا، مجھ میں کیا کمی ہے، کیا کمٹمنٹ یا فٹنس خراب ہے؟ زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں اگر مجھے موقع ملتا تو کیا پرفارم نہیں کرتا؟ کم بیک کے بعد مجھے تمام مواقع ٹاپ ٹیموں کیخلاف ملے اس کے باوجود جتنے رنز بنائے شاید ہی کسی نے اتنے اسکور کیے ہوں گے۔

انھوں نے غیرملکی کوچزکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ایسا ہی ہوتا ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم بھی اسی لیے تیزی سے اوپر آئی۔ یاد رہے کہ یونس خان ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے ساتھ موازنے پر بھی ناخوش دکھائی دیتے ہیں، انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ مصباح سے میرا موازنہ نہ کریں، میں طویل عرصے سے کرکٹ کھیل رہا اور ہر ملک میں اچھی پرفارمنس رہی ہے، واحد پاکستانی بیٹسمین ہوں۔

جس نے تمام ٹیموں کیخلاف سنچری بنائی، عمروں میں بھی کافی فرق ہے، وہ41،42سال کے ہیں جبکہ میں 37برس کا ہوں، میرا انداز سب کو پتا ہے کہ مثبت انداز سے کھیلتا ہوں، وہ جیسے انسان یا پلیئر ہیں اور ان کا جو اسٹائل ہے وہ سب جانتے ہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ بہت اچھا پلیئر ہوں مگر مصباح کے ساتھ جب موازنہ ہو تو حیرت ہوتی ہے، ہمارا مزاج اور انداز بالکل مختلف ہے۔