چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 179 رنز بنالئے،پروٹیز اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 69 رنز کی ضرورت

بدھ 22 جولائی 2015 18:19

چٹاگانگ ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 179 رنز بنالئے،پروٹیز ..

چٹاگانگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جولائی۔2015ء) بنگلہ دیش کی ٹیم نے دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنالئے۔ محمود اللہ اور تمیم اقبال نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، بنگلہ دیش کو پروٹیز اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 69 کی ضروت ہے جبکہ اسکی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں، محموداللہ 67 اور تمیم اقبال 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، چائے کے وقفے کے بعد شدید بارش کے باعث میچ شروع نہ ہوسکا، پروٹیز کی طرف سے فلینڈر، ہارمر، ستیان وان اور ایلگر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز بغیر کسی نقصان کے 7 رنز پر دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال 1 اور امرالقیس 5 رنز پر کھیل رہے تھے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنے۔ امرالقیس بنگلہ دیش ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، مومن الحق دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بناکر ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس موقع پر تمیم اقبال اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 57 رنز بناکر ایلگر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انکے بعد محموداللہ بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 67 رنز بناکر فلینڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، چائے کے وقفے کے بعد شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور میچ دوبارہ شروع نہیں ہوسکا۔

کپتان مشفیق رحیم 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے جبکہ شکیب الحسن 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک بنگلہ دیشی ٹیم نے پروٹیز اننگز کے سکور 248 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنالئے تھے اور اسکو پروٹیز اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 69 رنز کی ضرورت تھی اور اسکی 6 وکٹیں ابھی باقی تھیں۔ پروٹیز کی طرف سے فلینڈر، ہارمر، ستیان وان اور ایلگر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔