جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر وفاقی وزیر کے ٹویٹ نے ہنگامہ کھڑا کر دیا

جمعرات 23 جولائی 2015 11:22

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر وفاقی وزیر کے ٹویٹ نے ہنگامہ کھڑا کر دیا

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی2015ء) 2013 ءمیں ہونے والے انتخابات کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مبینہ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن نے عمران خان کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری اپنے پیغام میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دھرنا دے کر ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا لیکن جوڈیشل کمیشن نے نے ان کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے ۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مطالبہ کیا کہ عمران خان جمہوری رویہ اپنائیں اور قوم سے معافی مانگیں ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے اس فیصلے کے بعد اب ہم نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر کے اس بیان کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ وزارت قانون کو بھجوائی گئی ہے اور اس سربمہر رپورٹ کو کھولنے کا اختیار صرف وزیر اعظم کے پاس ہے ۔

دوسری جانب سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر کی جانب سے یہ بیان سامنے آنا کئی سوال کھڑے کر رہا ہے ۔ معروف صحافی افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ اختیار صرف وزیر اعظم کا ہے لیکن احسن اقبال کی جانب سے جلدی کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر کو رپورٹ کا انتطار کرنا چاہیئے تھا کیونکہ ان کے اس اقدام سے ایک ایسی بحث شروع ہو جائے گی جو کبھی ختم نہیں ہو گی ۔