یونس خان نے ازخود کپتانی چھوڑی ، دوبارہ خواہش سمجھ سے بالاتر ہے ، جاوید میانداد

جمعرات 23 جولائی 2015 14:22

یونس خان نے ازخود کپتانی چھوڑی ، دوبارہ خواہش سمجھ سے بالاتر ہے ، جاوید ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بیٹسمین و کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ یونس خان نے ازخود کپتانی چھوڑ دی تھی اب ان کی طرف سے کپتانی کی خواہش سمجھ سے بالاتر ہے ، انہیں کپتانی سے ہٹنا نہیں چاہیے تھے ، ان کے بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بور ڈ کا ضابطہ اخلاق کہاں ہے ، دنیا میں کوئی اور کھلاڑی اس طرح کا بیان دے کر اسٹیبلشمنٹ کو چیلنج کرکے تو دکھادے ، سینٹرل کنٹریکٹ معاہدے پر دستخط کرکے آپ اس طرح کی گفتگو نہیں کرسکتے ، اگر آپ کو کسی سے شکایت ہے تو بورڈ کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملات کو حل کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹرویو میں جاوید میانداد نے کہا کہ میرے خلاف بھی بغاوت ہوئی تھی لیکن میں نے کپتانی سے منع نہیں کیا تھا کسی بھی کھلاڑی کیلئے کپتانی کی خواہش سے زیادہ ٹیم کیلئے کھیلنا پہلی ترجیح ہونی چاہیے کپتانی آنی جانی چیز ہے ہمارے ملک میں جو کارکردگی دکھاتا ہے اسے سر پر اٹھا لیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ جب یونس خان ڈریسنگ روم میں مصباح کا کس منہ سے سامنا کرینگے اس قسم کی باتیں ٹیم میں گروپنگ کا باعث بنتی ہیں میرے دوست مجھے اور دوسرے گروپ کے لوگ دوسروں کو سپورٹ کرینگے اور ٹیم کا بیڑة غرق ہوجائے گا اگر مصباح کپتانی کی حیثیت سے یونس خان کو ڈراپ کرتے ہیں تو یونس خان کا کیا بنے گا ان کا ری ایکشن کیا ہوگا کپتانی ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے مگر ایسی باتیں میڈیا اور لوگوں کے سامنے نہیں کی جانی چاہیں یونس خان کے اس بیان سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ضابطہ اخلاق کہا گیا دوسرے ملکوں میں کسی کو ایسے بیانات کی جرات نہیں ہوتی