دورہ سری لنکا: بھارتی سلیکٹر ز نے یاسر کی افادیت دیکھ کر امیت مشرا کو چانس دیدیا

جمعرات 23 جولائی 2015 21:55

دورہ سری لنکا: بھارتی سلیکٹر ز نے یاسر کی افادیت دیکھ کر امیت مشرا کو ..

نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23جولائی ۔2015ء ) ہندوستان نے دورہ سری لنکا میں پاکستان کی کارکردگی اور یاسر شاہ کی افادیت کو دیکھتے ہوئے دورہ سری لنکا کیلئے اپنے ٹیسٹ سکواڈ میں لیگ سپنر امیت مشرا کو شامل کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق انکی ٹیم میں شمولیت کی وجہ پاکستان کے حالیہ دورہ سری لنکا میں لیگ سپنر یاسر شاہ کی کارکردگی ہے جنہوں نے سیریز میں 24 وکٹیں لیکر پاکستان کی سیریز میں 2-1 سے فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔

چیف سلیکٹر سندیپ پاٹل نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف سری لنکن بلے بازوں کو جس جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا، اس کو دیکھتے ہوئے ہم نے مشرا کو ترجیح دی جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

32 سالہ مشرا اب تک 13 ٹیسٹ میچوں میں 43 وکٹیں لے چکے ہیں اور انہوں نے آخری مرتبہ 2011 ء میں دورہ انگلینڈ کے اوول ٹیسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔

مشرا کیساتھ سکواڈ میں ہربھجن سنگھ اور ایشون کو بھی شامل کیا گیا ہے۔یہ بھارت کی 2010 ء کے بعد لنکن سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز ہو گی۔ سیریز میں سری لنکا کے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔دورے میں کوئی ایک روزہ یا ٹی ٹونٹی میچ نہیں کھیلا جائیگا۔دورہ سری لنکا کیلئے ہندوستانی ٹیم ویرات کوہلی(کپتان)، مرلی وجے، شیکھر دھون، لوکیش راہل، چتیشور پجارا، اجنکے رہانے، روہت شرما، وری دھیمان ساہا، روی چندرا ایشون، ہربھجن سنگھ، امیت مشرا، بھونیشور کمار، امیش یادو، ورن ایرون اور ایشانت شرما پر مشتمل ہے ۔