پاکستانی ٹیم پر ون ڈے میں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے کی ضرورت ہے ‘جاوید میانداد

جمعہ 24 جولائی 2015 12:00

پاکستانی ٹیم پر ون ڈے میں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے کی ضرورت ہے ‘جاوید ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء)سابق کپتان جاوید میانداد نے پاکستانی ٹیم پر ون ڈے میں مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی کافی اہم ہے، اس وقت ون ڈے ٹیم اچھا پرفارم کررہی ‘تسلسل کی ضرورت ہے ‘ر ینکنگ میں 8 اور 9 ہماری پوزیشن نہیں ‘ ٹیم کو ٹاپ 4 میں جگہ بنانے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

ایک انٹرویو میں جاوید میانداد نے کہا کہ ہمیں ٹاپ لیول پر مقابلہ کرنا ہوگا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ہمارے لیے بھی ضروری ہے کہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔میانداد نے خبردار کیا کہ دیگر ٹیمیں بھی تیزی سے بہتر ہو رہی ہیں اور ہمیں اس حوالے سے خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہماری کارکردگی متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اعلیٰ معیار پر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اور اب جبکہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ جیسی ٹیمیں شاندار بہتری کا مظاہرہ کر رہی ہیں ہمیں بھی اپنا کھیل بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بھارت جیسی ٹیموں سے مقابلہ کر سکیں۔بنگلہ دیش نے پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کو شکست دے کر اپنی کارکردگی میں بہتری کا ثبوت دے دیا لہٰذا یہ بات واضح ہے کہ کرکٹ اب تبدیل ہو رہی ہے اور اس صف میں رہنے کیلئے ہمیں مستقل اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔