سپورٹس کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، کھلاڑیوں کو رہنمائی کی ضرورت ہے‘ عثمان انور

جمعہ 24 جولائی 2015 12:46

سپورٹس کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، کھلاڑیوں کو رہنمائی کی ضرورت ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ ملک میں سپورٹس کے میدان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ہر کھیل میں کھلاڑیوں کی بے پناہ کھیپ موجود ہے،ان کھلاڑیوں کو صرف رہنمائی اور سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے،قومی کرکٹ ٹیم کا کامیابیاں حاصل کرنا خوش آئند ہے،قومی کرکٹ ٹیم کے نام اپنے پیغام میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے قوم کو سیریز جیت کر تحفہ دیا ہے، قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کیخلاف 9سال بعد سیریز میں کامیابی سے ملک میں کرکٹ کو مزید فروغ حاصل ہوگا،انہوں نے کہا کہ ملک میں سپورٹس کے میدان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ہر کھیل میں کھلاڑیوں کی بے پناہ کھیپ موجود ہے،ان کھلاڑیوں کو صرف رہنمائی اور سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے، جن کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے ان کو تربیت اور سہولتیں فراہم کررہے ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کررہے ہیں، کبڈی کی حقیقت سب کے سامنے ہے، آج سے تین چار سال قبل کبڈی کے کھلاڑی دو تین ہزار روپے میں میچ کھیلتے تھے ،آج کبڈی کے کھلاڑی 15ہزار پونڈ لیکربرطانیہ میں کبڈی لیگ کھیل رہے ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی اور تربیت کا عمل جاری رکھتے ہوئے ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا رہے گا تاکہ وہ دنیا میں ملک کا نام روشن کر سکیں گے۔