نادرانے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف کرادی

جمعہ 24 جولائی 2015 14:19

نادرانے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف کرادی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی2015ء)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئیڈنٹٹی کے نام سے آن لائن شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت متعارف کرادی جس کے تحت آپ شناختی کارڈ بنانے کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں اور شناختی کارڈ بننے کے بعدآپ کے گھر پہنچایاجائے گا، اب شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نادرا کے دفاتر کے باہر لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں ۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق آن لائن درخواست کیلئے تین مراحل ہیں ، اپنے شناختی کارڈ میں ترمیم یا تجدید کا فیصلہ کریں ، اس سے متعلقہ اپنی دستاویزات ، اپنا فوٹو بنائیں اور نادرا کی ویب سائٹ پر اپنا اکاﺅنٹ بنا کر اپلائی کردیں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اپنے شناختی کارڈ کے حصول کیلئے صرف گھر پر انتظار کی ضرورت نہیں بلکہ آپ پاکستان کے اندر ہیں تو اپنی درخواست کا نمبر 8400پر میسج کرکے اس کا سٹیٹس بھی معلوم کرسکتے ہیں ، اگر آپ اوور سیز پاکستانی ہیں تو آپ متعلقہ ویب سائٹ پر ہی دیکھ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ذرائع کاکہناہے کہ نادرا کیلئے درخواست گزار کے سکین شدہ فنگر پرنٹ کی تصدیق کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا اگر ویب سائٹ پرخاکہ پیش کیاگیاہے کہ کیسے فنگر پرنٹ لینے ہیں ، یہ بھی تاحال واضح نہیں کہ یہ تعین کیسے ہوگا کہ فنگر پرنٹ شناختی کارڈ کیلئے اپلائی کرنیوالے شخص کے ہی ہیں اوراس پر مزید کام کی ضرورت ہے ۔