ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے امکانی سیلاب کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا

جمعہ 24 جولائی 2015 20:01

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء ) ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے امکانی سیلاب کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا ہے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون طارق علی نظامانی کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے جبکہ ایمرجنسی کنٹرول روم میں انچارج شاھد محمود قریشی کو مقرر کیا گیا ہے جن کا موبائل نمبر03003130001ہے جبکہ ایمرجنسی کنٹرول روم کے ٹیلیفون نمبر 0243-92802198-9280212 جبکہ فیکس نمبر0243-9280202 ہے جس پر امکانی سیلاب کے حوالے سے کوئی بھی اطلاع ،معلومات حاصل کی جاسکتی ہے فلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک اور ہفتہ اور اتوار کو صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک دو شفٹوں میں کام کرتا رہے گافلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم میں ڈپٹی کمشنر خیرپور آفس کے ذمہ دار افسران اور عملے کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ فلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم میں مختیار کار ہیڈ کوارٹر نیاز حسین منگنیجو کو نگرانی کے لیے ذمہ داری تفویض کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے خیرپور، کنگری، صوبھوڈیرو اور گمبٹ کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیار کار، تپیداروں کے ساتھ ساتھ پی پی ایچ آئی، لائیو اسٹاک، ایریگیشن ،صحت، این جی اووزاور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امکانی سیلاب سے متاثر افراد کو خیمہ بستیوں میں رہائش دینے کے ساتھ ساتھ ان کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ الرا جاگیر بند پر نگرانی سخت کی جائے ۔ادھرسکھر بیراج کے آفیسر عزیز سومرو نے بتایا کہ سکھر بیراج سے اس وقت اپ اسٹریم3 لاکھ 35 ہزار اور ڈاؤن اسٹریم 3 لاکھ ایک ہزار پانی کا بہاؤ ہے ۔

متعلقہ عنوان :