پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جیت کا جوش و جنون پیدا ہوگیا ہے ، وہاب ریاض

ہفتہ 25 جولائی 2015 12:57

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جیت کا جوش و جنون پیدا ہوگیا ہے ، وہاب ریاض

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جولائی۔2015ء) سٹار فاسٹ باوٴلر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں جیت کا جوش و جنون پیدا ہو چکا ہے اور ہر کھلاڑی کامیابی کے لیے جان لڑا رہا ہے، سری لنکا کے ساتھ سیریز شروع ہونے سے پہلے سب کھلاڑیوں نے جیت کا تہیہ کیا تھا اور یہ کہ ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں فتوحات ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ انہیں زخمی ہوکر سری لنکا کا دورہ ادھورا چھوڑنے کا جتنا افسوس تھا، اب ٹیم کے سرخرو ہونے کی اتنی ہی خوشی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا تشکیل نو کے مرحلے میں کامیابیاں سمیٹنا خوش آئند ہے:”ہرکھلاڑی اپنی ذات سے بالاتر ہو کر صرف ٹیم کے لیے کھیل رہا ہے۔ شعیب ملک کا تجربہ بھی کام آیا۔

(جاری ہے)

“ عالمی کپ میں شین واٹسن کے خلاف اسپیل کو اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے ایڈیلیڈ کوارٹر فائنل میں اپنی باوٴلنگ کی اصل قوت کا اندازہ ہوا:”اْس روز ایڈیلیڈ میں مَیں اپنے آپ کو جان گیا۔

میں کیا کر سکتا ہوں۔ آسٹریلیا میں ملنے والی پزیرائی نے بھی مجھے اعتماد سے مالا مال کر دیا۔ گیند کس جگہ گرا کر بیٹسمین کو چلتا کرنا ہے، یہ ہنر بھی مجھے اسی دن ہاتھ لگا۔“پاکستان کرکٹ میں فاسٹ باوٴلرز کا دور واپس آنے کا سہرا وہاب ریاض نے کوچ وقار یونس کے سر باندھا اور کہا کہ سعید اجمل اور شاہد آفریدی کے جانے کے بعد وقار اور مشتاق نے فاسٹ باوٴلرز میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کیا کہ ٹیم اب اسپنرز پر مزید انحصار نہیں کر سکتی:”خلیج کی اسپن پچز پر بھی مسلسل ہوم سیریز کھیلنے سے فاسٹ باوٴلرز پس منظر میں چلے گئے تھے۔کوچ کی محنت اب رنگ لا رہی ہے۔“

متعلقہ عنوان :