Live Updates

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق کے بعد الیکشن کمیشن کے عہدیدار فوری استعفا دیں : عمران خان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 جولائی 2015 18:26

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق کے بعد الیکشن کمیشن ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 جولائی 2015 ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق کے بعد الیکشن کمیشن کے عہدیدار فوری استعفادیں۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کیلئے نکلے تھے، 2 سال کی جدوجہد کا مقصد عوام کے ووٹ کا تقدس بحال کروانا تھا۔

ووٹ عوام کی رائے ہے جو بتاتا ہے کہ آیا بجلی چاہیئے یا میٹرو بس۔ 2 سال کی جدوجہد سے وقت ضائع نہیں ہوا بلکہ عوام میں شعور بڑھا ہے۔کمیشن کی رپورٹ سے کسی کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، یہ نئے پاکستان کی شروعات ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے ظاہر ہوتاہے کہ پاکستان بدل رہا ہے۔

(جاری ہے)

جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر کچھ تحفضات ہیں تاہم اپنے وعدے پر قائم ہوں اور جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور آئندہ سڑکوں پر نہ نکلنے کا اعلان کرتا ہوں۔

جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں اسمبلی کے وجود کو بھی قبول کرتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ21 جماعتوں بشمول وزیراعظم نے خود کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔1970 کے بعد ہر انتخابات میں دھاندلی ہوئی۔ 2013 کے انتخابات میں بھی ثابت ہوا کہ دھاندلی ہوئی تاہم سوال یہ تھا کہ کتنی دھاندلی ہوئی اور جوڈیشل کمیشن کو اس سوال کا جواب دینا تھا تاہم میں سمجھتا ہوں کہ جوڈیشل کمیشن نے اپنا کام ادھورا چھوڑا ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال تک 4 حلقے کھولنے کا کہتا رہا تاہم 4 حلقے نہیں کھولے گئے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ بھی گیا تاہم ٹماٹر کی قیمت پر نوٹس لینے والے افتخار چوہدری نے اس معاملے پر نوٹس لینے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ان کے پاس 20 ہزار دیگر مقدمات ہیں۔ جب میرے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا تب مجھے سڑکوں پر نکلنا پڑا۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس الیکشن کی نگرانی کا نظام موجود نہیں تھا۔

الیکشن کمیشن کو اندازہ نہ تھا کہ کیسے کام ہورہا ہے اور نہ ہی اس بات کا اندازہ تھا کہ کتنے زائد بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہورہی تھی۔ ہماری وجہ سے عوام کو فارم 15 کا علم ہوا جس سے اب یہ فائدہ ہوگا کہ آئندہ دھاندلی کرنا بہت مشکل ہوجائے گا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن نے مان لیا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا میرا مطالبہ درست تھا، اس لیے معافی مجھے نہیں بلکہ ن لیگ کو مانگنی چاہیئے۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق کے بعد الیکشن کمیشن کے عہدیدار فوری استعفا دے دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات